آل پارٹیز کانفرنس

آپریشن عزم استحکام : وزیراعظم کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن عزم استحکام پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف وطن واپسی پر تمام سیاسی جماعتوں کو آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
وزیراعظم بیرون ملک دورے سے واپسی پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے اور مشاورت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انسداد دہشتگردی کے لیے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی تھی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوئے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے منظور کرانے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد جمعیت علمائے اسلام نے بھی آپریشن کی مخالفت کی۔
بعدازاں وزیراعظم آفس نے عزم استحکام آپریشن کے حوالے سے وضاحت کی کہ بڑے پیمانے پر کسی فوجی آپریشن پرغور نہیں کیا جا رہا ہے جہاں آبادی کی نقل مکانی کی ضرورت ہوگی۔

مزید پڑھیں:  کاٹلنگ :جمال گڑھی خوڑ میں 10بچی ڈوب کر جاں بحق