آرمی چیف کیخلاف پروپیگنڈا

آرمی چیف اور اہلخانہ کیخلاف پرو پیگنڈا ناقابل برداشت ہے ،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور اہلخانہ کے خلاف پی ٹی آئی ویب سائٹ سے پروپیگنڈاکے ناقابل برداشت ہے ۔
کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا جس ٹولے نے 9مئی کو ملک میں غدر مچایا تھا، آج وہی نئے ہتھکنڈوں سے پاکستان کے خلاف وارداتیں کررہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ سے آرمی چیف اور ان کے خاندان کے خلاف باتیں کی گئیں، پاکستان کے مفادات کو بچانے کرنے کیلئے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں، اسرائیل 40 ہزار فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کا اسرائیل پر کوئی اثر نہیں ہوتا، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے بعض سفارتخانوں پر حملے کیے گئے، جرمنی میں حملہ ہوا اور لندن میں بھی ایسے واقعات ہیں، یہ انتہائی افسوسناک واقعات ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپنے سفارخاتوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے، وزیرخارجہ نے اس پر فوری ایکشن لیا ہے، متعلقہ ممالک کے سفیروں کو بلاکر انہیں ڈی مارش کرنا چاہیے اور زور دینا چاہیے کہ ہمارے سفارت خانوں کی ذمہ داری ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جس میں سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے، یہ پاکستان کے خلاف ایک منظم سازش ہے جس میں ہمسایہ ممالک ملوث ہیں، ان سے ہماری بات چیت جاری ہے، بھائیوں والے انداز میں سمجھایا ہے، وزیر دفاع نے بھی دورہ کیا، ابھی بھی ان سے براہ راست اور بالواسطہ رابطے جاری ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 40سال ان کے لاکھوں بھائی بہنوں کی ہم نے میزبانی کی، کبھی انہیں بوجھ نہیں کہا، اپنا بھائی سمجھا، لیکن آج اس کا یہ بدلہ مل رہا ہے کہ ٹی ٹی پی وہاں سے پاکستان کے معصول شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے، امن کو غارت کررہی ہے، معیشت کو تباہ کرنے پر تل جائے، یہ ناقابل برداشت ہے، پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 9مئی کے ٹولے نے ملک کی جڑیں ہلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، آج وہ نئے ہتھکنڈوں سے نئی وارداتیں کررہے ہیں، شہریوں اور فوج کو مطعون کیا جارہا ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف اور ان کے خاندان کے خلاف تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ سے باتیں کی جا رہی ہیں، کبھی ایسا دل خراش منظر نہیں دیکھا، کسی طور ایسا اقدام برداشت نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں:  900 گول کا سنگ میل عبور، رونالڈو ورلڈ نمبر ون بن گئے