تحریک انصاف لاہور کی قیادت

حماد اظہر کے بعد تحریک انصاف لاہور کی قیادت بھی مستعفی

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر کے بعد پاکستان تحریک انصاف لاہور کی قیادت بھی مستعفی ہوگئی۔
تحریک انصاف لاہور کے صدر چودھری اصغر گجر نے پارٹی صدارت چھوڑ دی جبکہ پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان رشید بھی ذمہ داریوں سے مستعفی ہو گئے ۔
چودھری اصغر گجر نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے عمران خان کی رہائی کے لئے جدوجہد میں میرا ساتھ دیا، امید ہے آنے والا صدر مجھ سے بھی بہتر جدوجہد کرے گا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حافظ فرحت عباس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں حافظ فرحت عباس نے کہا کہ 9مئی کے مقدمات میں میری ضمانتیں خارج کی گئی ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ ان حالات میں میں پارلیمانی لیڈر کے عہدے کی ذمہ داریوں سے انصاف نہیں کر سکوں گا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کو پیش کر دیا ہے اور اپنے لیڈر عمران خان سے درخواست کی ہے کہ مجھے اس ذمے داری سے استعفیٰ کی اجازت دی جائے۔
حافظ فرحت عباس کا کہنا تھا کہ میں بحیثیت ممبر پنجاب اسمبلی اور کارکن اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما حماد اظہر نے پارٹی میں گروہ بندی کی نشاندہی کرتے ہوئے پنجاب کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا ۔

مزید پڑھیں:  سی ٹی ڈی نے رواں سال 612 دہشت گرد گرفتار، 203 دہشتگرد ہلاک کئے