موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی

ملک بھر میں آج سے موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج 16اگست سے 20 اگست تک مزید موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام سے بحیرہ عرب سے ملک کے جنوبی علاقوں میں مون سون کی مضبوط ہوائیں داخل ہونے کی توقع ہے۔
مون سون ہواؤں کے باعث بلوچستان میں 16 سے 19 اگست کے دوران تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے
اس دوران اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ وقفے وقفے سے بادل برس سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق16 سے 18 اگست کے دوران سندھ میں سکھر، شکار پور، کشمور، خیرپور، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھر پارکر، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 17 سے 19 اگست تک کراچی میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کے دوران بلوچستان اور سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث ملک کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، شدید بارشوں، آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے گھر، دیواروں، بل بورڈز، سولر پینل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور جان بوجھ کر لاہور اور اسلام آباد جلسے میں نہیں پہنچے، فیصل کریم