ثبوت ہیں تو پیش کریں

عاطف خان اور جنید اکبر کے پاس الزامات کے ثبوت ہیں تو پیش کریں،بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ گورننس کمیٹی پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے بنائی ہے اگر عاطف خان اور جنید اکبر کے پاس الزامات کے حوالے سے ثبوت ہیں تو پیش کریں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ کل پھر جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملا، انہوں نے کہا ہے کہ کسی کو اعتراض ہے تو کمیٹی میں نے بنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شکیل خان کی برطرفی کے معاملے پر ایسا تاثر دیا گیا کہ پارٹی میں اختلافات ہیں، یہ تاثر نہ لیا جائے کہ پارٹی میں کوئی گروہ بندی ہے، عہدے کو استعمال کرتے ہوئے ذاتی مقاصد حاصل نہیں کرنے چاہئیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عاطف خان یا جنید اکبر کے پاس کوئی شواہد ہیں تو وہ کمیٹی کے سامنے پیش کریں، پارٹی میں ایسے معاملات آتے ہیں جو گھر میں ہی حل ہو سکتے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بات کلیئر کریں، کمیٹی کے فیصلے پر اعتراض غلط بات ہے، کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی سے ملے اور کہا کہ بعض کے پی کے محکموں میں کرپشن ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری طرف سے پیغام دیں کہ کسی صورت کرپشن برداشت نہیں ہو گیان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور مختلف لوگوں سے ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میری جب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ میں ایک کمیٹی بناوں گا، جو بھی شکایات ہوں گی وہ کمیٹی فیصلہ کرے گی، مشیرِ احتساب کارروائی کریں گے۔
کمیٹی نے کہا کہ شکیل خان کے خلاف جو شکایات تھیں وہ اس میں ملوث پائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ 22 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ ہو گا، ہم گارنٹی دیتے ہیں کہ امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا، خیبر پختونخوا سے عوام بڑی تعداد میں جلسے کے لیے آئیں گے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے کہ قانون کی پامالی ہماری طرف سے نہ ہو۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ ہم انتظامیہ اور عدالت سے رجوع کرتے ہیں، پاکستان مشکل حالات میں ہے، رکاوٹیں ڈال کر مزید تلخی پیدا نہ کی جائے۔

مزید پڑھیں:  کارساز حادثہ کیس کی ملزمہ کی منشیات مقدمے میں بھی ضمانت منظور