بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش

لاہور کے سر گنگارام ہسپتال میں 5سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک:لاہور کے سر گنگارام ہسپتال میں خاکروب کی جانب سے 5سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی ناکام کوشش ،ہسپتال کے طبی عملے نے احتجاج کرتے ہوئے کوئنز روڈ کو بلاک کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق بچی کی ماں نے ایم ایس کو تحریری شکایت میں کہا ہے کہ صفائی کرنے والے نے نیو ایمرجنسی میں زیادتی کی کوشش کی۔
واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سر گنگا رام ہسپتال کے ڈاکٹروں اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات نے کوئنز روڈ کو بلاک کردیا ۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ انتظامیہ معاملہ دبانا چاہتی ہے جو ظلم ہے،ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کی یقین دہانی پر طبی عملے نے دھرنا ختم کر دیا۔
لیڈی ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی صرف ایک عمارت میں سی سی ٹی وی کیمرے ہیں، باقی کہیں سکیورٹی انتظامات نہیں، اب انہیں ہسپتال میں کام کرتے ہوئے بھی خوف محسوس ہوتا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ نے احتجاجی ڈاکٹروں اور نرسز کو یقین دہانی کرائی کہ معاملے کی انکوائری کرکے کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ہسپتال کے خاکروب نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ اس نے بچی کے پاس جاکر چھیڑ چھاڑ شروع کی تو اس کی ماں نے جاگ کر شور مچا دیا۔

مزید پڑھیں:  غیر ملکی سیاح نہ بھیجے جائیں ، کئی اضلاع کی صوبائی حکومت سے درخواست