میئرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہٹا دیا

بنگلادیش میں تمام میئرز اور ڈپٹی کمشنرز کو عہدوں سے ہٹا دیاگیا

ویب ڈیسک: بنگلادیش کی عبوری حکومت نے ملک بھر میں تعینات تمام ڈپٹی کمشنرز اور مئیرز کو عہدوں سے ہٹادیا ہے ۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق عبوری حکومت نے بنگلادیش کی تمام 12سٹی کارپوریشنز کے میئرز سمیت بلدیاتی حکومتوں کے ایک ہزار 873 نمائندوں کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
حکومت نے برطرف کیے گئے میئرز کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے اینڈمنسٹریٹرز بھی تعینات کردیے ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق کئی ڈپٹی کمشنرز نے موجودہ صورتحال میں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ہچکچاہٹ کا اظہار کیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ڈپٹی کمشنرز فیلڈ ایڈمنسٹریشن سے دستبردار ہونے کے حوالے سے پہلے ہی سینئر حکام سے بات کرچکے تھے جس کے نتیجے میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ عہدوں سے برطرف کیے گئے میئرز عوامی لیگ کے حمایت یافتہ تھے اور وہ 5 اگست کو حسینہ واجد کی حکومت ہٹائے جانے کے بعد سے اپنے دفاتر میں نہیں آئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق برطرف کیے گئے 12 میئرز میں سے 9 مفرور ہیں، بلدیاتی حکومت کے عہدے داروں کی عدم موجودگی کے باعث روزمرہ کے امور میں خلل پڑ رہا تھا جس کے باعث انہیں برطرف کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  اگلی دفعہ ایسا کیا توچھوڑوں گا نہیں، علی امین گنڈاپور کی پنجاب پولیس کو وارننگ