پناہ گزین کیمپ پر صیہونی بمباری

پناہ گزین کیمپ پر صیہونی بمباری، 5 فلسطینی شہید ، متعدد زخمی

ویب ڈیسک: مقبوضہ مغربی کنارے کے نور شمس پناہ گزین کیمپ پر صیہونی بمباری کے باعث 5 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فضائیہ نے فلسطین کے ہر کونے کو نشانے پر رکھتے ہوئے کارروائیاں تیز کر دیں، اس دوران مقبوضہ مغربی کنارے کے نور شمس پناہ گزین کیمپ پر بھی میزائل داغ دیا، اس فضائی حملہ کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
فلسطینی سرکاری ذرائع کے مطابق تلکریم کے قریب واقع پناہ گزین کیمپ کو اسرائیلی فوج نے متعدد کارروائیوں میں نشانہ بنایا۔ اس دوران کیمپ میں پناہ گزین جو پہلے ہی مشکلات کا شکار تھے، ان میں 5 شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اسرائیلی فوجیوں اور آباد کاروں کے ہاتھوں اس پناہ گزین کیمپ میں 640 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پناہ گزین کیمپ پر صیہونی بمباری کے دوران چار زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، نور شمس پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل ماہ اپریل میں بھی نور شمس اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نشانہ بنا، ایک دو روزہ اسرائیلی آپریشن میں یہاں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:  لوئردیر میں فیلڈر گاڑی حادثے کا شکار ،بچہ ،نوجوان زخمی