خیبر پختونخوا میں پہلا پولیو کیس

خیبر پختونخوا میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس رپورٹ،وزیراعلیٰ کا نوٹس

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس رپورٹ ،ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی نو ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے سیکرٹری صحت کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیو کوارڈینیٹر کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ضلع مہمند میں ناقص پولیو مہم کے دیگر تمام ذمہ داروں کا تعین ،متعلقہ سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ شراکت دار اداروں کے متعلقہ عملے کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر تمام اضلاع میں بھی پولیو مہم کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے، پولیو مہم کے معیار پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،متعلقہ حکام اپنی اصلاح کریں یا سزا کے لئے تیار ہوجائیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ موجود صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، موجودہ صوبائی حکومت صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے ایک نئے عزم کے ساتھ اقدامات جاری رکھے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، والدین، اساتذہ اور علما سمیت معاشرے کے تمام طبقے اس سلسلے میں حکومتی کوششوں کا ہاتھ بٹائیں۔
انہوں نے پولیو سے متاثرہ بچی کا علاج اور کفالت سرکار کی طرف سے کرنے کا اعلان بھی کیا ۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ میں ڈینگی کے وار ،2 زندگیاں نگل لیں