pakistan plane crash flight from lahore with 107 onboard crashes in residential area near karachi airport 1590161013

کراچی طیارہ حادثہ 97 افراد جاں بحق ، 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن مکمل

کراچی: گزشتہ روز قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 97 ہوگئی، بیشتر لاشیں ناقابل شناخت جبکے 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے.

لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پروازپی کے 8303 ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گرا جس میں 91 مسافر اور عملے کے7 ارکان سوار تھے.

محکمہ صحت کے مطابق 66 لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، سول اسپتال میں 31 لاشیں منتقل کی گئی.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے بھی جائے حادثہ سے 97 لاشیں نکالنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صرف 2 مسافر محفوظ رہے۔

مزید پڑھیں:  پیٹرولیم ڈیلرز قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کیخلاف ڈٹ گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقے کے 25 مکانات کوکلیئرکردیا گیا ہے اور متاثرہ مکانات کے رہائشی مختلف مقامات پررہائش پذیر ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کورنگی کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی جناح گارڈن کے بلاک اے اورآر میں گراجس سے 19گھروں کو نقصان پہنچا ان میں 2 گھر مکمل طور پرجل گئے۔

ڈی سی کورنگی کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں کالونی کا کوئی رہائشی جاں بحق نہیں ہوا اور صرف تین خواتین زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ گھروں کے 16 رہائشیوں کو شارع فیصل پر واقع ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے جنہیں ہر قسم کی سہولت کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  استور سے گلگت آنے والی گاڑی کو حادثہ ،خاتون جاں بحق ،دو افراد زخمی

سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد جہاز کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا جائے گا.

وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم نے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی فوری طور پر تحقیقاتی عمل کا آغاز کرے اور اس کے لیے وفاقی حکومت کی باضابطہ منظوری کا انتظار نہ کیا جائے.

اس سلسلے میں وزیر اعظم آفس نے تحریری ہدایات سیکرٹری ایوی ایشن اور متعلقہ اداروں کو بھی بھجوادی ہیں۔