عراق:کوروناہسپتال میں آتشزدگی، 52 افراد ہلاک

ویب ڈیسک(بغداد)عراق میں کورونا مریضوں کے لیے مختص ہسپتال میں آتشزدگی سے 52 افراد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق عراق کے جنوبی صوبے ذی قار کے شہر ناصریہ میں کورونا مریضوں کے لیے مختص اسپتال میں آتشزدگی کے باعث 52 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد شہری دفاع کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمیوں کو دوسرے ہسپتال منتقل کیا۔

مزید پڑھیں:  لبنان، پیجرز اور واکی ٹاکی دھماکوں میں شہداءکی تعداد 37 تک جا پہنچی

عراقی محکمہ شہری دفاع کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے جب کہ ریسکیو آپریشن کے دوران 16 افراد کو باہر نکالاگیا تاہم اب بھی بہت سے مریض لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہسپتال میں آگ آکسیجن سلینڈر پھٹنے کے باعث لگی تاہم عراقی وزیراعظم نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے جب کہ صوبہ ذی قار کے شعبہ صحت کے سربراہ کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  لبنان میں پیجر دھماکوں سے امریکا کا کوئی تعلق نہیں، پینٹا گون

واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں دارالحکومت بغداد کے اسپتال میں آکسیجن سلینڈر پھٹنے سے 82 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے جب کہ 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔