خیبرپختونخوا میں ڈینگی نے سراٹھالیا،مریضوں کی تعداد 115ہوگئی

ویب ڈیسک (پشاور)خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گذشتہ چند روز میں ٹیسٹ کئے گئے مزید53افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کردی گئی ہے۔ متاثرہ تمام افراد کو ہسپتالوں میں ابتدائی علاج کے بعد دوائیاں تجویز کرنے کے ساتھ گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔

نئے کیس رپورٹ ہونے کی روشنی میں اب تک ڈینگی وائرس کے متاثرین کی تعداد115 ہوگئی ہے تاہم گذشتہ چند سالوں میں ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ پشاور سے تاحال ایک بھی مثبت کیس رپورٹ نہیں کیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں ڈینگی ٹاسک فورس کے سربراہ اور چیف سیکرٹری کو دی گئی بریفنگ کے مطابق ڈینگی کے مشتبہ اضلاع میں 821افراد کی سکریننگ مکمل کر لی گئی ہے گذشتہ ہفتے ان میں سے62افراد کی رپورٹ مثبت تھی اور اب مزید53افراد میںڈینگی وائرس کی تصدیق کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  گندم بحران کے ذمہ داران پنجاب اور وفاق میں اعلی عہدوں پر فائز ہیں

باجوڑ میں ٹیسٹ کئے گئے تمام6افراد جبکہ بٹگرام میں ڈینگی کے شبہے میں ٹیسٹ کئے گئے199افراد میں سے صرف2افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بونیر میں ٹیسٹ کئے گئے383افراد میں سے42، ہنگو میں صرف1،ہری پور میں 14ٹیسٹ کئے گئے افراد میں سے 3 افراد اور ضلع خیبر میں131ٹیسٹ کئے گئے افراد میں35افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: صوبائی وزیر ارشد ایوب سے کامیاب مذاکرات کے بعد بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج ملتوی

ْ مانسہرہ میں58ٹیسٹ کئے گئے افراد میں سے13جبکہ مردان میں ٹیسٹ کئے گئے2مریض مثبت رپورٹ ہوئے ہیں۔ ضلع مہمند اور ضلع سوات میں ایک، ایک مریض کو ٹیسٹ کیا گیا اور ہر دو اضلاع میں لئے گئے نمونوں میں قومی ادارہ صحت نے دونوں مریضوں میں وائرس کو تشخیص کر دیا ہے۔ اس طرح سب ڈویژن درہ آدم خیل میں25ٹیسٹ کئے گئے افراد میں سے9افراد میں ڈینگی وائرس پایا گیا ہے ۔