وزیراعظم کا16 اپریل کو میٹرو بس پشاور موڑ سے ائیرپورٹ تک چلانے کا حکم

بہارہ کہو اور روات سے پشاور موڑ تک میٹرو سروس چلانے کیلئے فوری فیزیبیلٹی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صبح 7 بجے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹرو بس منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 4 سال سے التوا کے شکار منصوبے کا جائزہ لیا۔منصوبہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں 2017 میں شروع ہواجسے2018 میں مکمل ہونا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف کو میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر منصوبے کے لیے15 بسیں مہیا کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبہ طویل عرصے سے التوا کا شکار کیوں رہا ؟ وزیراعظم نے منصوبے میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، میٹرو بس میں سامان رکھنے کی سہولت بھی مہیا کی جائے، 16 بلین خرچ ہونے کے باوجود منصوبہ التوا کا شکار ہونا قابل افسوس ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ موٹروے پر اسلام آباد میٹرو کا ایک اسٹیشن ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر ہفتہ کے روز بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیراعظم نے بارہ کہو، پشاور موڑ اور روات کے روٹس پر میٹرو چلانے کے لئے فوری فزیبیلیٹی تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے اسلام آباد اور گردونواح کے شہریوں کو بہترین اور معیاری سفری سہولیات یقینی بنانے اور دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے بھی ہدایات جاری کیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کے شاہ زیب رند کراٹے چیمپئن بن گئے