پاک افغان سرحد پرفائرنگ

پاک افغان سرحد پرفائرنگ،داعش کے3شدت پسند ہلاک

بنوں(نمائندہ خصوصی)سکیورٹی فورسز اور انسداد دہشت گردی پولیس بنوں ریجن نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے نوشہرہ میں ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی پولیس بنوں ریجن کوخفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پاک افغان سرحد کے اس پار سے داعش کے شدت پسند تخریب کاری کی نیت سے حملہ کریں گے۔ اطلاع پر سکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی پولیس نے پہاڑی علاقے دردونی غلام خان بارڈر کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا ۔

مزید پڑھیں:  قومی ترانےکی بے توقیری پر خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرار داد جمع

اس دوران مسلح افراد نے چھاپہ مار ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی فائرنگ میں 3شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے تین دوسرے ساتھی سرحد پار کرکے واپس افغانستان بھاگ نکلے۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قتل ہونے والے تینوں شدت پسند نوشہرہ میں 15 مارچ کو ٹریفک پولیس کانسٹیبل کامران اللہ حمید کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں , تینوں کی شناخت کمانڈر سعید اللہ سکنہ کنڑ وٹا پور کام چائی افغانستان، ضیا الرحمن آفریدی سکنہ خیبر تحصیل باڑہ اور مستقیم سکنہ نوشہرہ پبی کے نام سے ہوئی ہے۔ شدت پسندوں کے قبضہ سے تین کلاشنکوف، کارتوس،شناختی کارڈ،ایک افغان کارڈ،کرنسی اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔ مارے گئے شدت پسند ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں مطلوب تھے۔

مزید پڑھیں:  دہشتگرد حملے: خیبر پختونخوا میں رواں سال 337سکیورٹی اہلکار اور شہری شہید