جلسہ ہرصورت ہوگا

اسلام آباد جلسہ ہرصورت ہوگا، پیچھے نہیں ہٹیں گے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ کل 22اگست کو اسلام آباد میں جلسہ ہر صورت ہوگا ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔
جلسے کی تیاریوں کاجائزہ لینے کے لیے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں پارلیمنٹرینز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں علی امین گنڈا پور نے ہر رکن اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ ورکرز لانے کی ہدایت کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام ڈویژن کے قائدین نے بھی شرکت کی، وزیر اعلیٰ نے ہر ریجن کے نمائندوں کے ساتھ الگ الگ ملاقات کی۔
اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ قانونی تقاضوں کے مطابق جلسہ کرنے جارہے ہیں، ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں،اگر کوئی کورٹ کے حکم کے خلاف جائے گا تو پھر ہم بھی پیچھے ہٹنے والے نہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ جلسہ کے لئے مارچ کو خود لیڈ کروں گا، مرکز میں بیٹھے نااہل ٹولے کی مفاد پرست پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی تباہی آچکی، ملکی حالات خراب سے خراب تر ہورہے ہیں، ہمیں بحیثیت قوم سوچنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھرپور مشینری ساتھ لیکر جائیں گے، کرین، ٹریکٹر، آنسو گیس سے بچنے کے لئے ماسک ساتھ لے کر جائیں گے، اپنے ساتھ تیار سٹیج، سانڈ سسٹم اور دیگر چیزیں بھی لے کر جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا جواب دینے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے ورکرز کے لئے ہر نمائندے کو گاڑیوں کا بندوست کرنے کی بھی ہدایت کی۔
علی امین گنڈا پورنے کہاکہ آئی ایس ایف یوتھ کیلئے گاڑیوں اور دیگر انتظامات پارٹی کرے گی، تمام ورکرز کو صوابی کے مقام میں جمع ہونے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق صوابی سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور خود قافلوں کو قیادت کریں گے، پشاور کے قافلے کو دن 2بجے تک صوابی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  آئینی اصلاحات کی حمایت عمران خان اور مولانا نے کی تھی، اسحاق ڈار