8ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا

8ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا، علیمہ خان نے بانی کا پیغام پہنچا دیا

ویب ڈیسک: 22 اگست کا جلسہ ملتوی ہونے کے بعد جہاں کارکنان الجھن اور تذبذب کا شکار رہے وہیں بعض رہنما بھی پریشان تھے۔ ایسے میں علیمہ خان نے اپنے بھائی عمران خان کا پیغام شیئر کر کے سب کی پریشانیاں دور کر دیں، ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 8ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔
گزشتہ روز جلسہ اچانک ملتوی ہونے پر علیمہ خان نے اعظم سواتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لوگ عمران خان کو باہر لانا ہی نہیں چاہتے۔ اعظم سواتی صبح ساڑھے 7 بجے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کیوں گئے؟ یہ الگ سے ایک سوال ہے۔
اس جیسے سوالات پارٹی کے دیگر رہنماوں سمیت کارکنان کو بھی پریشان کئے ہوئے تھے۔
علیمہ خان نے اڈیالا جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 22 اگست کا جلسہ اس لیے مؤخر کیا کیونکہ مجھے بتایا گیا تھا کہ انتشار کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نےکہا کہ مذہبی جماعتیں اسلام آباد میں اکٹھی ہو رہی ہیں۔ اس لئے انتشار کا خدشہ ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر کو کہا ہے کہ اب جلسہ ملتوی نہیں ہو گا بلکہ 8ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق وزیراعظم کا پیغام سناتے ہوئے کارکنان کو بتایا کہ اگر اب جلسہ منسوخ کرنے کی اطلاع آئے تو آپ نے قطعی اسے نہیں ماننا۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ کسی کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ 7 بجے عمران خان سے ملاقات کیسے ممکن ہوئی، یہ ہمارے لئے بھی عجیب بات تھی۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، حامد سواتی نے برٹش ٹائٹل فائٹ جیت لی