ڈیجیٹل ہنرمندی کے شعبے پر توجہ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل طور پر ہنر مند و بااختیار بنانے کیلئے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پانچ مختلف پروگراموں کا اجراء کر دیا ہے جن میں ڈیجیٹل انٹرن شپ پروگرام ، جوائن آئی ٹی پروگرام، گوگل کیرئیر سرٹیفیکیٹس پروگرام ، انوویشن فیلو شپ پروگرام اور درشل انکیوبیشن شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخواحکومت آئی ٹی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میںہری پور میں آئی ٹی سٹی قائم کیا گیا ہے جبکہ پشاور میں آئی ٹی کمپلیکس کے قیام پر کام جاری ہے۔وزیر اعلیٰ کے اعلان کردہ اور خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات کی تحسین نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں لیکن عمومی صورتحال کا جائزہ لیاجائے تو حوصلہ افزاء نتائج کی پھر بھی توقع اس لئے نہیں ہوتی کہ صوبے میں اس شعبے پر سکولوں اور کالجوں کی سطح پر جس محنت اور توجہ کی ضرورت ہے اس کا فقدان نظر آتا ہے یہاں تک کہ جامعات کا نصاب بھی اس درجے کا نہیں کہ طالب علم کماحقہ فائدہ اٹھا سکیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ سکولوں اور کالجوں سے لے کر جامعات کی سطح پر طلبہ کو کم از کم ایک ایسے شعبے میں بنیادی عملی مہارت کے قابل بنایا جائے کہ وہ مارکیٹ میں پانچ دس ڈالر معاوضہ کے کاموں کے حصول کی مکمل مہارت کے حامل ہوں طلبہ کوبنیادی مہارت حاصل ہو تو وہ خود روزگار کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کی طرف بھی راغب ہوں گے ان کا اعتماد بھی بڑھے گا توقع کی جانی چاہئے کہ آئی ٹی کی بنیادی اوسط اور اعلیٰ تعلیم اورمختلف مہارتوں میں کورسز کو ہر سطح پر طلبہ کے لئے بلا امتیاز قابل حصول بنانے کی مزید مساعی اور سہولیات کی فراہمی کے سلسلے کو اور بھی وسعت دی جائے گی اور مطلوبہ نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے درکار مزید عملی اقدامات بھی ہوں گے ۔

مزید پڑھیں:  ڈینگی کا موسم اور احتیاط