امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر

امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر ذاکر نائیک

ویب ڈیسک: معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات میں کہا کہ امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، قرآن و سنت کی روشنی میں مسلم امہ کا اتحاد آج وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات ہوئی جس امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی نے معروف مذہبی سکالر کا خیر مقدم کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔
ذاکر نائیک نے ملاقات میں کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے، میرے تبلیغ دین کا مقصد ہی دنیا میں اسلام کے امن اور محبت کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، امت مسلمہ کو متحد ہونے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معروف سکالر کی دنیا میں اسلام کے پیغام کو عام کرنے میں کاوشیں قابل ستائش ہیں، آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد بین المسلمین اور یکجہتی میں مضمر ہے، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اتحاد بین المسلمین اور اسلام کی حقیقی پیغام کو دنیا میں پھیلانے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  سوات میں چیک پوسٹ حملہ ،ایک پولیس اہلکار زخمی