PSL 6

پی ایس ایل 6: انتظارکی گھڑیاں ختم، ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع

ویب ڈیسک(کراچی) : پی ایس ایل سیزن سکس کا میلہ سجنے میں تین روز باقی ہے، مگر شائقین کرکٹ میدان میں بیٹھ کر میچز دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں ، اب ان کا انتظار ختم ہوا ہے اور پی ایس ایل سیزن سکس کی ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمتوں کے اعلان کے بعد بک می ڈاٹ پی کے نامی ویب سائٹ پر یہ ٹکٹ خریدے جارہے ہیں، شائقین کرکٹ کی جانب سے آن لائن ٹکٹوں کی خریداری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ابتدائی مراحل میں صرف کراچی کےمیچز کی ٹکٹ دستیاب ہیں، ٹکٹس کی قیمت 500روپے سے 5000روپے تک ہے، پی ایس ایل کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں صرف7ہزار500افراد کوبیٹھنےکی اجازت ہوگی۔

گذشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کے ‏بعد پی سی بی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے لیگ میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کیا تھا، پی سی بی کے مطابق کوالیفائر، دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ‏

ایونٹ کے لیگ میچز 20 فروری سے 16 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہیں گے۔ 18 سے 22 مارچ تک کھیلے ‏جانے والے پلے آف مرحلے کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات ان میچز سے قبل جاری کردی جائیں گی۔

دوسری جانب پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فیملیز کے لیے چند انکلوژرز مخصوص کردئیے ‏ہیں۔