6054a5745b28d

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوامِ متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس سے ملاقات

ویب ڈیسک (نیویارک)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےاقوام متحدہ ہیڈکوارٹر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس کے ساتھ ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو نہتے فلسطینیوں پر ، طاقت کے بے رحمانہ استعمال اور معصوم فلسطینی شہریوں ، عورتوں اور بچوں کی شہادتوں پر گہری تشویش سے آگاہ کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے منظم اور بے دریغ استعمال کے نتیجے میں 250 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے، میرے اس دورے کا مقصد جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے ذریعے ، نہتے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنا اور عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی پائمالیوں کی جانب مبذول کروانا ہے پاکستان، فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل نے لبنان پر حملہ کردیا، 70 مقامات کو نشانہ بنایا گیا

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے "سیز فائر” کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئےتوقع ظاہر کی کہ اس اعلان سے مسئلہ فلسطین کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری راہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا جنوبی ایشیا میں مستقل قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل، ناگزیر ہے ،پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003 کے” جنگ بندی معاہدے” کی پاسداری پر اتفاق رائے خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کیلئے ماحول کو سازگار بنانے کی ذمہ داری، ہندوستان پر عائد ہوتی ہے،پاکستان ہمیشہ سے ہمسایوں کے ساتھ پر امن تعلقات کاحامی رہا ہے۔

وزیر خارجہ نےاقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے، مسئلہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا اورسیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں:  5دن میں ضمانت پر فیصلہ کرنا لازمی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے، اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کی جانب سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے، تمام فریقین، مل بیٹھ کر، جامع سیاسی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے ۔

واضح رہےوزیر خارجہ مظلوم فلسطینیوں پر جاری منظم اور بہیمانہ مظالم کی روک تھام اور عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروانے کیلئے اہم سفارتی مشن پر نیویارک میں موجود ہیں۔