پختونخوا میں ق لیگ

پختونخوا میں ق لیگ کو دوبارہ فعال بنانے کیلئے ایم پی ایز سرگرم

آئندہ عام الیکشن کیلئے خیبر پختونخوا میں ق لیگ کو دوبارہ سے فعال بنانے کی کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں ق لیگ کے سابق ممبران اسمبلی کے رابطے شروع ہوگئے ہیں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے کئی ممبران اسمبلی ق لیگ میں شامل ہوجائیں گے ۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں ق لیگ کے ایک سابق ایم پی اے نے مشرق کو بتایا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں جمعیت علماء اسلام پاکستان کی جیت نے واضح کردیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عام انتخابات میں بھی جے یو آئی اور اس کی اتحادی جماعتوں کا پلڑا بھاری ہوگا، اس لئے چند ایم پی ایز اس بات پرغور کررہے ہیں کہ وہ اپنی سابقہ پارٹی یعنی ق لیگ کو فعال بنائیں، یہ تمام ممبران اسمبلی پہلی بار ق لیگ کے ٹکٹ پرا سمبلی میں پہنچے تھے اور ایک سابق ایم پی اے اب بھی اسمبلی میں موجود اس گروپ کی سربراہی کا دعویٰ کررہا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں سرکاری سکولز نجی شعبے کو دینے کے لئے منصوبے کا آغاز

ایک خاتون ایم پی اے نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں خود پی ٹی آئی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں جس میں انہیں گرین سگنل ملا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ بہت جلد پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی اپنی حمایت ق لیگ کے پلڑے میں ڈال دیں گے اس بارے میں متعلقہ شخصیات کے ساتھ بھی رابطہ کیا گیا لیکن اس طرح کے امکان کے حوالے سے کھل کر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  جماعت اسلامی بدنیتی پر مبنی آئینی ترمیم مسترد کرتی ہے، لیاقت بلوچ