ہزار خوانی پارک مکمل نہ ہوسکا

اسلحہ بردار مقامی آبادی کے باعث ہزار خوانی پارک مکمل نہ ہوسکا

پشاور میں صوبے کے میگا پارک کا تعمیراتی کام اب تک مکمل نہ کیا جاسکا۔ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایک بار پھر صوبائی حکومت سے تعمیراتی کام میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی درخواست کردی ہے۔ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق ہزار خوانی پارک کا تعمیراتی کام مقامی آبادی کی جانب سے دھمکیوں کے باعث روک دیا گیا تھا جبکہ پارک کی حدبندی کیلئے محکمہ مال کی جانب سے مدد فراہم نہیں کی جا رہی تھی ۔ذرائع کے مطابق صورتحال دو ماہ بعد بھی ویسی کی ویسی ہے اور آج بھی کام وہیں رکا ہوا ہے ، محکمہ مال اور سینی ٹیشن کمپنی پشاور کے عملہ کے ساتھ مل کر پی ڈی اے عملہ نے تین مرتبہ سروے کرنے کی کوشش کی لیکن محکمہ مال نے اب تک مساوی، فیلڈ بل، لٹھہ پر پارک کا علاقہ اور دریا کے حوالے سے حد بندی کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا ہے ۔ اسی طرح منصوبے کو مکمل کرنے میں پی ڈی اے سٹاف کو بھی مشکلات درپیش ہیں مقامی آبادی اسلحہ سمیت عملہ کو دھمکیاں دے رہی ہیں جس کی وجہ سے کام میں خلل پڑرہا ہے جبکہ سکیورٹی بھی فراہم نہیں کی جارہی ۔ اتھارٹی نے سیکرٹری بلدیات کو پارک کا دورہ کرنے کی درخواست کردی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پشاور سے حدبندی کی رپورٹ اور عکس کی فراہمی کی درخواست بھی کردی گئی ہے ۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی جلسہ کی اجازت بارے لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ تشکیل