چڑیا گھر جانوروں کو فراہم سہولیات

چڑیا گھر میں جانوروں کو فراہم سہولیات بارے رٹ نمٹادی گئی

پشاور کے چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق رٹ پٹیشن نمٹا دی گئی۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ اگر چڑیا گھر میں کوئی مسئلہ ہو تو درخواست گزار عدالت سے دوبارہ رجوع کر سکتے ہیں۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس قیصر رشید خان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے چڑیا گھر میں جانوروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق رٹ پر سماعت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر چڑیا گھر اشتیاق وزیر اور درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ڈائریکٹر چڑیا گھر سے استفسار کیا کہ چڑیا گھر کی کیا صورتحال ہے؟ جس پر بتایا گیا کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، چڑیا گھر میں جانوروں کی تعداد بڑھ گئی ہے اور ہم اس کو دیگر پارکس میں بھیج رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی ہدایات پر دو بار چڑیا گھر کا دورہ کیا ہے۔ چڑیا گھر میں حالات پہلے سے بہتر ہیں، جانوروں کا خیال رکھا جارہا ہے۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سکندر حیات شاہ نے بھی عدالت کو آگاہ کیا کہ چڑیا گھر میں گرینری بڑھا دی گئی ہے، جانوروں کی خوراک اور علاج کی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس پر عدالت نے کہا کہ اگر چڑیا گھر کی حالت بہتر ہوئی ہے تو پھر ہم اس کیس کو نمٹا دیتے ہیں۔ چڑیا گھر میں جانوروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق کوئی مسئلہ ہو تو درخواست گزار عدالت سے دوبارہ رجوع کر سکتے ہیں۔ عدالت نے اس نوٹ کے ساتھ رٹ پٹیشن نمٹا دی۔

مزید پڑھیں:  رسالپور میں فائرنگ کا تبادلہ : پولیس اہلکار زخمی ،رہزن ہلاک