اداکار دلیپ کمار کی پہلی برسی

پشاورمیں پیدا ہونیوالے برصغیر کےعظیم اداکار دلیپ کمار کی پہلی برسی

پشاور: (مشرق نیوز) پشاور کے محلہ خداداد میں پیدا ہونےوالے بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کو مداحوں سے بچھڑے آج ایک برس بیت گیا، عظیم اداکار کو شہنشاہ جذبات کے لقب سے نوازا گیا۔

بھارتی فلموں کے شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار نے اپنی فطری اداکاری کے ساتھ مختلف النوع کرداروں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دنیا بھر کے مداحوں کا دل جیتنے کے ساتھ ہی انہوں نے شہرت کی بلند ترین منازل طے کیں۔ وہ حسن و جمال کے ساتھ ہی گھمبیر آواز میں مکالموں کی ادائیگی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔

یوسف خان المعروف دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 کو پشاور کے محلہ خداداد میں پیدا ہوئے اور ان کا آبائی گھر آج بھی پشاور میں موجود ہے ، ان کا خاندان تقسیم سے قبل ہی پشاور سے ممبئی منتقل ہوا، یوسف خان نے مہاراشٹر کے ناسک میں تعلیم حاصل کی۔

سال 1944 میں 22 سال کی عمر میں دلیپ کمار نے اپنی پہلی فلم ‘جوار بھاٹا’ میں کام کیا۔1947 میں انہوں نے نور جہاں کے ساتھ فلم ‘جگنو’ کی اور یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی جس کی وجہ سے فلمی دنیا میں ان کی پہچان میں اضافہ ہوا۔5 دہائیوں پر محیط کیرئیر میں دلیپ کمار نے 60 سے زائد فلموں میں کام کیا جس میں شہید، میلہ، ندیا کے پار، بابُل، فٹپاتھ، دیوداس، نیا دور، مغل اعظم، مدھو متی، کرانتی، ودھاتا ، گنگا جمنا، رام شیام اور کرما شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  کیربینز کیخلاف ناقص کارکردگی، نئی ویمنز سلیکشن کمیٹی تشکیل

دلیپ کمار نے 1960 میں فلم ‘مغل اعظم’ میں مغل شہزادہ سلیم کا کردار ادا کیا تھا ، یہ فلم پہلے بلیک اینڈ وائٹ میں ریلیز ہوئی تھی ۔ اس کے بعد سال 2004 میں اسے رنگوں سے مزیّن کرتے ہوئے ایسٹمین کلر فلم (رنگین) بنایا گیا۔

راج کمار کے ساتھ فلم ‘سوداگر’ اور امیتابھ بچن کے ساتھ ‘شکتی’ بھی قابل ذکر فلمیں ہیں، جس میں انہوں نے اپنے ہم عصر ستاروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے ایک الگ انداز اور شناخت بنائی ۔ بڑی اسکرین پر دلیپ کمار کی آخری فلم ‘قلعہ’ تھی جو 1998 میں ریلیز ہوئی تھی۔1983 میں فلم ‘شکتی’، سنہ 1968 میں ‘رام اور شیام’، 1965 میں ‘لیڈر’، 1961 میں ‘کوہ نور’، 1958 میں ‘نیا دور’، 1957 میں ‘دیوداس’ ، 1956 میں ‘آزاد’ ، 1954 میں ‘داغ ‘ فلم کے لیے دلیپ کمار کو فلم فیئر کے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

مزید پڑھیں:  سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی بحال، معطلی کا فیصلہ کالعدم

بالی ووڈ کے مشہور اداکار دلیپ کمار کو 1994 میں ‘دادا صاحب پھالکے’ جبکہ 2015 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ دلیپ کمار کو پاکستان کے اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ ‘نشانِ امتیاز’ سے بھی نوازا جاچکا ہے ۔

دلیپ کمار نے 1966 میں اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی تھی ۔ سائرہ بانو ان سے عمر میں 22 سال چھوٹی تھیں ۔ دلیپ کمار کی سائرہ بانو سے وابستگی آخری سانس تک برقرار رہی ۔ سائرہ بانو اور دلیپ کمار کی شادی کو مثالی شادی قرار دیا جاتا ہے، تاہم بد قسمتی سے دونوں اولاد کی نعمت سے محروم رہے ، جس کا دونوں کو افسوس بھی رہا۔

اس کے ساتھ ساتھ بھارت کی کانگریس پارٹی نے دلیپ کمار کو پارلیمان کے ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا تھا اور اس طرح وہ چھ برس تک رکن پارلیمان بھی رہے ۔98 سالہ دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو سانس میں تکلیف کے باعث ممبئی کے ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے ۔ ان کی یاد مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ تازہ رہے گی ۔