219123 7234366 updates

چینی انکوائری کمشن کی رپورٹ میں دوہفتے کی تاخیر ملی بھگت ہے- شہباز شریف

لاہور : اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں دوہفتے کی تاخیر ملی بھگت قرار دے دیا ہے . میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی انکوائری کمیشن کی حتمی رپورٹ نہ آنا عمران نیازی صاحب کا اعترافِ جرم ہے .

دو روز قبل چینی اسکینڈل پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء نے فرانزک آڈٹ رپورٹ جمع کرانے کے لیے وزیراعظم سے مزید 2 ہفتوں کی مہلت مانگی تھی جس پر انہیں مہلت دے دی گئی۔

چینی اسکینڈل تحقیقات کی حتمی رپورٹ تاخیر کا شکار ہونے پر  شہباز شریف نے  ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حتمی رپورٹ میں تاخیر 100 ارب روپے کے حکومتی ڈاکے کی تصدیق اور  عمران نیازی صاحب کا اعترافِ جرم ہے۔

مزید پڑھیں:  عالمی سطح پر غزہ میں دریافت اجتماعی قبروں کی تحقیقات کا مطالبہ

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ عوام جانتی ہے کہ ان کے آٹے چینی پر ڈاکہ کس نے ڈالا، ‎کابینہ ای سی سی کی سربراہی اور سبسڈی کی منظوری دینے والے ذمہ دارہیں، ‎فیصلوں کے ذمہ دار عمران نیازی اور عثمان بزدار ہیں ،‎حتمی رپورٹ نہ آنا عمران نیازی صاحب کا اعترافِ جرم ہے، ‎چینی انکوائری رپورٹ چھپانے سے عمران خان کا جرم چھپ نہیں سکتا، ‎کسی مزید انکوائری اور فارنزک کی ضرورت نہیں ‎انکوائری کمیشن منصفانہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کے ارکان ہی انکوائری کمشن کے رکن بھی ہیں، ‎شاہدخاقان عباسی اور خرم دستگیر کو پیش ہو نے کی اجازت دی جائے ‎ہمارے نامزد کردہ ارکان پیش ہوں گے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں:  اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کیلئے تعلیمی میدان میں جدت لانا ہوگی، مینا خان

واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ جمع کرانے کے لئے مزید تین ہفتے مانگ لئے ہیں۔

ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ چینی کے بحران سے متعلق فرانزک کمیشن کی رپورٹ آج جمع کرائی جانی تھی تاہم کمیشن نے وفاقی حکومت سے رپورٹ جمع کرانے کی مدت میں تین ہفتے کی توسیع کی درخواست کی ہے۔ وفاقی کابینہ منگل کو اس درخواست پر غور کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چینی اور گندم کے بحران کی تحقیقات کرنے والی انکوائری کمیٹیوں کی رپورٹس 4 اپریل کو جاری کی گئی تھیں۔