پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، صدر، وزیراعظم

ویب ڈیسک: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے 6 ستمبر کے موقع پر دفاع وطن کی خاطر جانوں کی قربانی پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کہا ہے کہ یوم دفاع و شہدا ہمیں مسلح افواج اور قوم کی بےمثال جرات اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ آج سے 57 سال قبل ہماری مسلح افواج اور قوم نےدشمن کےناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مسلح افواج کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے اور بیرونی یا اندرونی محاذ پر ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم اپنے غازیوں اور شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ آج سے 57 سال قبل شہیدوں نے رات کے اندھیرے میں دشمن کے حملے کو پسما کیا۔ ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنے سے 4 گنا بڑے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر1965 کی جنگ کے قابل فخر ورثے کو آگے بڑھایا۔ شہبازشریف نے کہا مشکل معاشی صورتحال کے باوجود اپنے دفاع کی مضبوطی سے غافل نہیں، وفاقی، صوبائی حکومتیں اور پاک فوج مل کر سیلاب جیسے آفت کامقابلہ کر رہےہیں۔

مزید پڑھیں:  پی پی پارلیمنٹیرین کی صدارت سے صدر آصف زرداری مستعفی