لانگ مارچ کے لئے کارکنوں کومتحرک رکھنے کاہدف

ویب ڈیسک : حقیقی آزادی مارچ کے آئندہ کے لائحہ عمل اور مرکزی فیصلوں کی روشنی میں پی ٹی آئی نے تمام اضلاع کی تنظیموں کو لانگ مارچ میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آئندہ کیلئے تیار رہنے کا پیغام دے دیاہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنمائوں کے گزشتہ روز اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لانگ مارچ کی اگلی حکمت عملی کیلئے ملک بھر میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کیا جائیگا اس مقصد کیلئے خیبر پختونخوا میں پارٹی کے عہدیداروں کے علاوہ ایم پی ایز اور ایم این ایز کو بھی اہداف دئیے گئے ہیں اور انہیں اپنے حلقہ انتخاب میں پارٹی کارکنوں کیساتھ اسلام آباد کے لانگ مارچ کیلئے بھر پور تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حالیہ احتجاجی مظاہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی کم تعداد پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے تاہم احتجاج میں شریک کارکنوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور لانگ مارچ کے دوسرے مرحلہ کی کا میابی کیلئے مزید قربانی دینے کا عزم دہرایا گیا ہے ۔
اجلاس میں مرکزی قائدین کو یقین دلایا گیا ہے کہ وہ 22 کروڑ عوام کے حقوق اورملک کے عظیم تر مفاد کیلئے جو قدم اٹھائیں گے صوبہ خیبر پختونخوا کے کارکن اپنے پارٹی قائدین کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  کرک: گیس کم پریشر پر دھرنا تیسرے روز بھی جاری