وزیرستان متاثرین کے لئے ماہانہ نقد امداد

شمالی وزیرستان، متاثرین کے لئے ماہانہ نقد امداد،راشن کی مد میں فنڈز جاری

ویب ڈیسک : پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے متاثرین آپریشن ضرب عضب کیلئے ماہانہ نقد مالی امداد اور راشن کی مد میں 35کروڑ روپے کے قریب فندز ریلیز کردیئے جو کہ آئندہ ایک دو دنوں میں حسب معمول سم کارڈ میسجنگ کے ذریعے سے16 ہزار کے قریب متاثرین خاندانوں کو موصول ہو نا شروع ہو جا ئینگے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے دفتر سے منگل کو جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ریلیز شدہ فنڈز اس سلسلے کی 99 ویں قسط ہے جو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے ان متاثرین کو باقاعدگی سے ہر ماہ جاری کی جاتی ہے جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہوئی ہے۔ مذکورہ متاثرین خاندانوں میں اٹھ ہزار کے قریب وہ خاندان بھی ہیں جو حال ہی میں افغانستان سے براستہ غلام خان بارڈر واپس آچکے ہیں اور جن کی نادرا سے باقاعدہ تصدیق کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق ہرتصدیق شدہ متاثرہ خاندان کو 12 ہزار روپے بطور نقد مالی امداد جبکہ آٹھ ہزار روپے راشن کی مد میں ہر ماہ باقاعدگی سے دیئے جا رہے ہیں۔ تاکہ ان لوگوں کی مالی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی وزیرستان کے 15 ہزار 891 متاثرین خاندان ایسے ہیں جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہوئی ہے اور جن میں سے بیشتر کا تعلق شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل سے ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی اب تک باعزت واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں بچوں کی لڑائی پر فائرنگ ،ایک شخص جاں بحق ،خاتون زخمی