گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی

گورنر کا ڈبلیو ایس ایس پی کی خدمات ٹی ایم اے کوواپس دینے کا عندیہ

ویب ڈیسک : گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے گزشتہ روز چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی، ملاقات میں صوبہ کے مجموعی انتظامی امور،عوامی خدمات کی فراہمی میں سرکاری اداروں کی کارکردگی اور گڈ گورننس کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مئیر پشاور حاجی زبیر علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں صوبہ بھر میں بلدیاتی نظام کی عوام کی امیدوں کے عین مطابق استعداد کار بڑھانے سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندوں کے مابین ایک موثر رابطہ قائم رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گورنرکاکہناتھاکہ بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنے کیلئے ویلیج، تحصیل اور یونین کونسل سطح تک بلدیاتی نمائندوں کو درکار تمام سہولیات اور وسائل فراہم کرنیکی ضرورت ہے تاکہ حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر عوام کے مسائل کا حل یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہاکہ پشاور شہر میں صفائی و ستھرائی کے حوالے سے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کی مجموعی کارکردگی تسلی بخش نہیں جس کو بہتر بنانے کیلئے یہ خدمات ٹی ایم اے کوواپس دینے پر سوچا جا سکتا ہے۔ گورنرنے کہاکہ صوبہ بھر بالخصوص ضم قبائلی اضلاع میں تمام صوبائی اداروں کو مستحکم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ عوام کو بہترین سروس ڈیلیوری یقینی بنا سکے۔قبائلی اضلاع کے عوام کی احساس محرومیوں کے خاتمہ کیلئے ان علاقوں میں صحت، تعلیم کے ساتھ مجموعی طور پر بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی نہایت ضروری ہے۔ گورنر نے کہاکہ دہشت گردی سے متاثرہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو مختلف محکموں میں ملازمتوں کیلئے خصوصی رعایت ملنی چاہئے۔

مزید پڑھیں:  جمرود، ایم این اے حاجی اقبال آفریدی کو قومی اسمبلی میں داخل ہونے سے رک دیا گیا