عمران خان مذاکرات کی پیشکش

حکومت ہمارے ساتھ بات کرے،الیکشن کی تاریخ دے ورنہ اسمبلیاں توڑدیںگے،عمران خان

ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف حکومت کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومت کوموقع دیتے ہیں ہمارے ساتھ بیٹھیں،بات کریں انتخابات کی تاریخ دیں ورنہ ہم اسمبلیاں توڑ دیں گے۔ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یا تو ہمارے ساتھ بیٹھیں، بات کریں، ہمیں عام انتخابات کی تاریخ دیں، نہیں تو پھر ہم اپنی اسمبلیاں تحلیل کردیں گے، ہم آپ کو یہ موقع دے سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں، کیا آپ یہ چاہتے ہیں کہ صرف 66 فیصد پاکستان میں انتخابات ہوں اور آپ وفاق میں بیٹھے رہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بڑی کوشش کی ہے یہ انتخابات کا نام ہی نہیں لیتے، صرف ایک وجہ ہے کہ ان کو ڈر لگا ہوا ہے کہ جیسے ہی الیکشن ہوں گے، یہ پٹ جائیں گے، اور اس کے لیے ان کو ملک کی کوئی فکر نہیں ہے۔یہ ایسے حالات پیدا کر رہے ہیں کہ جب یہ جائیں گے توجو بھی حکومت آئے گی وہ سنبھال نہیں سکے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے کر جارہے ہیں
اگر کوئی بیل آئوٹ بھی کرے گا تو پاکستان کی نیشنل سیکیورٹی خطرے میں پڑ جائے گی۔سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری لیے کوئی نقصان نہیں ہو رہا، گالیاں تو ان کو پڑ رہی ہیں لیکن ملک بیٹھتا جارہا ہے، اگر ہم ابھی الیکشن کی طرف نہیں جاتے تو سیاسی استحکام نہیں آئے گا، جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا، معیشت میں بھی استحکام نہیں آئے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ان کا روڈ میپ یہ نظر آریا ہے کہ ہمارے اوپر کیسز کریں،کسی طرح عمران خان کو نااہل کروائیں، مجھے بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری نے تو غالباً کہہ ہی دیا ہے کہ عمران خان کو نااہل کریں یا جیل میں ڈالیں،ان کا بس یہ ایک پلان ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ق لیگ مکمل طور پرہمارے ساتھ کھڑی ہے
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پنجاب نے آکر پورا اعتماد دیا ہے کہ جب بھی میں چاہوں گا وہ اسمبلی تحلیل کردیں گے۔پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے تحریک انصاف نے رہنما فوادچودھری نے بتایا ہے کہ ایم پی ایز نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اختیار عمران خان کو دے دیا ہے اور حتمی تاریخ کا اعلان عمران خان ہی کریں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے بھی عمران خان کو اسمبلیاں توڑنے کا اختیار دے دیا ہے۔
قبل ازیں کے پی اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق عمران خان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کی قیادت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرویز خٹک، اسد قیصر، علی امین گنڈا پور، شہرام ترکئی، عاطف خان، تیمور جھگڑا شریک ہوئے۔اجلاس میں کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔ تحریک انصاف کی صوبائی قیادت نے عمران خان کے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ کے تعین کا اختیار عمران خان کو دے دیا۔

مزید پڑھیں:  بشری بی بی کا طبی معائنہ، شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز کو اجازت دی جائے، عمر ایوب