آٹے کی قلت،مہنگائی اورلوڈشیڈنگ کے خلاف برقعہ پوش خواتین کے احتجاجی مظاہرے

ویب ڈیسک :پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں آٹے کی قلت، مہنگائی اور بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف برقعہ پہنے خواتین بھی احتجاج پر مجبور ہو گئی ہیں۔ خواتین نے مختلف مقامات پر سڑکوں پر دھرنے دئیے اور ٹریفک نظام معطل کردیا۔ پیر کے روز بڈھ بیر میں خواتین ”آٹا آٹا ” نعرے لگاتی کوہاٹ روڈ پر نکل آئیں اور سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک بند کردی جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔خواتین نے آئے روز مہنگائی میں اضافہ،آٹے کی قلت اور گرانی، گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔ خواتین نے ٹائر جلا کر مین روڈ کو دو گھنٹوں تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رکھا۔
خواتین نے مطالبہ کیا کہ ان کے علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور آٹے کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ برقعہ پوش خواتین کے احتجاج کی وجہ سے کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جبکہ ٹریفک میں خواتین اور بچوں سمیت بیمار بھی پھنس گئے بعد ازاں پولیس کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔ بنوں میں بھی خواتین آ ٹا کی قیمتوں میں اضافہ اور سرکاری آ ٹے کی عدم فراہمی کے خلاف گھروں سے نکل آئیں۔ خواتین نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ فوڈ اور فلور ملز مالکان اور سیل پوائنٹ مالکان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے بنوں کوہاٹ چونگی کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیا اور روڈ ٹریفک کیلئے بند رکھا ۔
مشتعل خواتین کا کہنا تھا کہ آ ٹا اس قدر مہنگا کر دیا گیا ہے کہ یہ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہاہے۔ سرکاری آٹے کے ایک تھیلے کے لئے کئی کئی روز چکر لگانا پڑتے ہیں۔ صبح فجر کے بعد سیل پوائنٹ پر پہنچ جاتے ہیں مگر دو پہر کو کہا جاتا ہے کہ آ ٹا ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر صبح ناشتہ انڈے اور پراٹھے کھائیں اور ہم یہاں آ ٹے کیلئے دھکے کھائیں یہ کیسا نظام ہے؟ کوٹ دائم ، کوٹ عادل اور براڑہ کے تین دیہات کے لئے کوہاٹ چونگی کے سیل پوائنٹ پر روزانہ صرف 30 تھیلے کا آٹا بھیجا جا تا ہے جو ناکافی ہے۔ اُنہوں نے الزام لگایا کہ سرکاری آٹا من پسند افراد میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ضلع خیبر لنڈیکوتل میں بھی مہنگائی کے خلاف خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور پاک افغان شاہراہ شیخوال کے مقام پر بند کر دی ۔  خواتین کا کہنا تھا کہ آٹا قوت خرید سے باہر ہوگیا ہے ۔علاقے کے عوام نے حکومت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوام کو سستے داموں پر آٹا فراہم کیا جائے ۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت، شادی کی تقریب میں فائرنگ، 6 افراد جاں بحق