پختونخوا میں پولنگ کی تاریخ

انتخابات کیلئے 14ارب روپے اضافی طلب،پختونخوامیں پولنگ کی تاریخ 15،16اور17اپریل تجویز

ویب ڈیسک : الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کیلئے 15،16اور 17اپریل کی تاریخ تجویز کرتے ہوئے گورنر سے پولنگ کی تاریخ مانگ لی جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات اور قومی اسمبلی کے 93حلقوں پر ضمنی انتخابات کیلئے 20ارب 54کروڑ روپے سے زائد فوری طور پر وزارت خزانہ سے طلب کرلئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پرنسپل سیکرٹری گورنر خیبر پختونخوا محمود حسن کے نام ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 18جنوری کو صوبائی اسمبلی تحلیل کردی گئی تھی آئین پاکستان کے آرٹیکل 24کی ذیلی شق 2 کے مطابق اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کے 90کے اندر اندر انتخابات کرانے لازمی ہیں جن کے نتائج پولنگ کے دو ہفتوں کے اندر جاری کئے جائینگے، لہٰذا اسمبلی کی تحلیل کے 90روز کے اندر اندر انتخابات کی تاریخ دینا لازمی ہے
الیکشن کمیشن کو انتخابات کے اعلان کے 7روز کے اندر اندر شیڈول جاری کرنا ہے جو کم سے کم 54روز پر محیط ہوگا لہٰذا خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کیلئے اس ضمن میں موزوں ترین تاریخیں 15،16اور 17اپریل ہیں لہٰذا گورنر خیبر پختونخوا پولنگ کیلئے ان تین دنوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں تاکہ اس حساب سے الیکشن شیڈول جاری کردیا جائے ۔الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت خزانہ سے 34ارب 93کروڑ20لاکھ روپے طلب کرلئے جن میں 14ارب 38کروڑ80لاکھ روپے عام انتخابات جبکہ 20ارب 54کروڑ40لاکھ روپے خیبر پختونخوااور پنجاب اسمبلی کے انتخابات سمیت 93قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے طلب کئے گئے ہیں
سیکرٹری وزارت خزانہ حمیدیعقوب شیخ کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے رواں مالی سال میں مختص 47ارب 41کروڑ روپے میں سے 5ارب روپے جاری کئے گئے ہیں، 20ارب 54کروڑ 40لاکھ روپے جلدازجلد جاری کئے جائیں ان اضافی اخراجات کے باعث مجموعی طور پر انتخابات کے اخراجات بڑھ کر 61ارب 80کروڑ50لاکھ روپے ہوگئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کو 14ارب 38کروڑ80لاکھ روپے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کیلئے بھی درکار ہیں۔الیکشن کمیشن نے گورنر پنجاب کو بھی خط ارسال کیا ہے جس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ 9 سے 13 اپریل تجویزکی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  اتحاد کسی ادارے کیخلاف نہیں بنایا، اپوزیشن گرینڈ الائنس