پی ٹی آئی ممبران

پی ٹی آئی ممبران سے پارلیمنٹ لاجز خالی کروانے کیلیے آپریشن کا پہلا مرحلہ

پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی ممبران سے پارلیمنٹ لاجز کی رہائش گاہیں خالی کروانے کے لیے آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق کے مطابق سی ڈی اے اسلام آباد نے احکامات موصول ہونے پر پی ٹی آئی ممبران کو مختص کیے گئے لاجز خالی کروانے کے لیے آپریشن کیا، اس دوران انتظامی عہدیداران جبکہ اسسٹنٹ کمشنر رانا موسیٰ اور مجسٹریٹ بھی موجود تھے۔
پہلے مرحلے میں سی ڈی اے اہلکاروں نے مجسٹریٹ اور اے سی کی نگرانی میں تالے توڑ کر فرخ حبیب، شاہد خٹک، شبیر احمد قریشی اور ظہور احمد قریشی کے کمروں کو خالی کر کے سامان نکال دیا گیا اور وہاں پر انتظامیہ نے اپنے تالے لگا دیے۔
رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کمرہ خالی کروانے کیلئے مہلت مانگ لی جبکہ 8 سے زائد ممبران نے رضاکارانہ کمرے خالی کردیے، آپریشن کے دوران انتظامیہ کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں پیر کے روز مزید کمرے خالی کروائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے ڈائریکٹر کی جانب سے سی ڈی اے مجسٹریٹ کو آپریشن میں معاونت کا خط لکھا گیا تھا، خط کے متن کے مطابق آپریشن میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے معاونت کی جائے، پی ٹی آئی کے ڈی نوٹیفائی ممبران کو 24 جنوری کوسرکاری رہائشیں خالی کرنے کا نوٹسز دیے گئے تھے۔
یاد رہے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، آفتاب جہانگیر سمیت متعدد اراکین نے متعدد بار نوٹس کے باوجود تاحال پارلیمنٹ لاجز خالی نہیں کیے۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت، شادی کی تقریب میں فائرنگ، 6 افراد جاں بحق