جمرود گاڑی پرفائرنگ

جمرود،سمگلروں کی گاڑی پرفائرنگ،راہ گیرجاں بحق،2زخمی

ویب ڈیسک: جمرود میں سمگلروں کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک راہ گیر جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے ۔ علاقہ تختہ بیگ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی پر اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ڈرائیور گاڑی بھگا لے گیا جس پر اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی، گاڑی میں سوار افراد گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کی زد میں 3راہ گیر آگئے جن کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بلال آفریدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔
مقامی افراد نے بلال آفریدی کی نعش اٹھا کر تاریخی باب خیبر اور بعد میں تختہ بیگ کے مقام پر رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا اور اہلکاروں کے خلاف نعرے بازی کی ۔ دھرنا شرکاء سے جماعت اسلامی کے شاہ جہان آفریدی، خان ولی آفریدی، شاہ فیصل آفریدی، تحریک انصاف کے سابق ایم این اے اقبال آفریدی ،سابق ایم پی اے حاجی محمد شفیق آفریدی، جے یو آئی کے رہنما سابق وفاقی وزیر حمید اللہ جان آفریدی ، پی ٹی ایم کے حسن آفریدی نے شرکت کی اور کہا کہ بلال شہید کے قتل کی تحقیقات کرکے ان کے خاندان کو انصاف دیا جائے اور پولیس حکام اور ڈی پی او واقعہ پر معافی مانگ کر شہید پیکج دیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی سے منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا ہے تاہم آخری اطلاع آنے تک گاڑی سے برآمد منشیات کی مقدار نہیں بتائی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی افواج کی مقبوضہ بیت المقدس میں کارروائی، ترک سیاح شہید