الیکشن کمیشن نیا حلف نامہ

الیکشن کمیشن کاسیاسی جماعتوں کیلئے نیا حلف نامہ جاری

ویب ڈیسک : الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کیلئے نیا حلف نامہ جاری کر دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جنرل نشستوں میں کم از کم پانچ فیصد نشستیں خواتین کو دی جائیں گی۔ الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن 206 اور 215 کے تحت یہ عمل ضروری ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پارٹی سربراہ کی طرف سے حلف نامہ جمع کرانا ضروری ہوگا۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے یہ حلف نامہ جمع کرانا پڑے گا ۔ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کیلئے درخواستیں بھی طلب کرلی ہیں۔
سیاسی جماعتوں کو 21 فروری تک درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام درخواستیں پارٹی سربراہ کی دستخط شدہ ہونی چاہئیں، سیاسی جماعتیں انتخابی نشانات کے ساتھ ترجیحی نشانات بھی واضح کریں۔ دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت جمعرات کو عام انتخابات کے ضابطہ اخلاق سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور الیکشن کمیشن کے صوبائی ممبران نے شرکت کی۔ سیاسی جماعتوں نے ضابطہ اخلاق پر اپنا موقف بیان کیا اور تجاویز دیں، چیف الیکشن کمشنر نے آئین اور قانون میں رہتے ہوئے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو ضابطہ اخلاق میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید پڑھیں:  مزدوروں کی قربانیوں اور جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتےہیں