بلوچستان سیکیورٹی فورسز آپریشن

بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے 8 دہشت گرد آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے ایک روز قبل 22 فروری 2023ء کی شام بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا تاہم الرٹ اور تیاری رہنے کی وجہ سے دہشت گرد اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کوشش کو بغیر جانی نقصان کے ناکام بنایا اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا۔ بعد ازاں 23 فروری کی صبح مازا بند میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کی اطلاع پر فورسز نے آپریشن کیا، جس کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دشمن کی جانب سے امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں گی۔

مزید پڑھیں:  ملکی معاشی استحکام کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا، شہباز شریف