لاہور میں دفعہ 144

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ چیلنج کر دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کر دیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر بابر اعوان نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ الیکشن مہم تحریک انصاف کا آئینی حق ہے،پی ٹی آئی کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے.
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت دفعہ 144 کا نفاذ کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 15 کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت پی ایس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔
متن کے مطابق تحریک انصاف کی ریلی اور پی ایس ایل کے میچ کا روٹ مختلف ہے۔ تحریک انصاف کی ریلی ساڑھے پانچ بجے ختم ہوگی جبکہ پی ایس ایل کا میچ سات بجے شروع ہوگا۔ اس سے پہلے کسی شہر میں پی ایس ایل کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق پنجاب حکومت غیر قانونی طور پر تحریک انصاف کی الیکشن مہم کو روک رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا بہانا بنا کر نگراں حکومت نے پابندی لگا دی جوکہ دو عدالتوں کی کھلی توہین ہے۔
ان کا کہنا کہ سپریم کورٹ نے 90 دنوں میں انتخابات کا حکم دیا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن انتخابات ممکن بنانے کے لیے اقدامات کرے۔
دوسری جانب، شہر میں پی ٹی آئی ریلی کو روکنے کے لیے پنجاب کی نگراں حکومت نے رینجرز کو طلب کر لیا۔
رینجرز کو کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نپٹنے کے لیے طلب کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  سائفر کیس، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی اپیلوں پر سماعت آج ہوگی