پشاور میں سورج سوا نیزے پر آگیا، پارہ 43 درجہ پر پہنچ گیا

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے گرم مرطوب اضلاع بشمول پشاور میں آج سے 24 جون کے دوران سخت گرمی پڑنے کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔ گذشتہ روز بھی پشاور اور ڈی آئی خان میں 43 سینٹی گریڈ سے زائد گرمی ریکارڈ کی گئی اورہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی کی وجہ سے پشاور میں لوگوں کی حالت خراب ہوگئی اور تجارتی مراکز پر بھی مندی کا رجحان رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 جون تک دن کے وقت درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہے گا۔
منگل کے روزبھی پشاور اورڈی آئی خان میں 43 سینٹی گریڈ سے زائد گرمی ریکارڈ کی گئی۔ بنوں میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث پشاورمیں دوپہر کے بعد لوگ گھروں تک محدود ہوگئے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے ائیر کنڈیشن نے بھی کام چھوڑ دیا اور بعض علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی جس کے نتیجے میں شہری علاقوں میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں بھی مسافروں کو گرمی لگی اور بیشتر بسوں میں اے سی بھی خراب ہو گئے۔
دوپہرکے اوقات میں بازاراورشاہراہیں سنسان ہو کر رہ گئے اور برف کاسانچہ بھی 300 روپے سے بڑھ کر 700 روپے تک پہنچ گیا۔ شدید گرمی کے دوران ٹھنڈے مشروبات کی دکانوں پررش رہا محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ آئندہ چار دنوں کے دوران بارش کا امکان نہیں اور شدید گرمی پڑے گی جس سے بچنے کیلئے شہریوں کو احتیاط کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ بجلی پر قبضہ کرنے کی بات نہ کریں،گورنر فیصل کنڈی