شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس

محرم الحرام کے حوالے سے جامع سیکورٹی پلان تیار

ویب ڈیسک: محرم الحرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد، تمام تر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے بارے میں جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیِٰ کو ماہ محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مرتب کردہ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئِی۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلیِٰ کو بتایا گیا کہ صوبے میں مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور پاک فوج کے خصوصی دستے تعینات ہونگے جبکہ جلوسوں اور مجالس کی مؤثر انداز میں مانیٹرنگ کے لیے محکمہ داخلہ میں سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔
وزیراعلیِٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حساس اضلاع/ مقامات کی سیکورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی جبکہ حساس اضلاع میں موبائل سروس کی بندش کا شیڈول متعلقہ حکام کو بھیج دیا گیا ہے، اس کے علاوہ اسلحہ کی نمائش، ڈبل سواری، نفرت و اشتعال انگیز وال چاکنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران حساس اضلاع/ مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، سنٹرل کنٹرول روم میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے اور کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں کے لیے مقررہ روٹس اور وقت کی سختی سے پابندی کی جائے، علماء کرام اور شہریوں سے بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کی بھی اپیل کی گئِی۔ وزیراعلیٰ نے سختی سے ہدایت کی کہ محرم الحرام کو پرامن طریقے سے گزارنے کے لیے تمام محکمے اور ادارے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کریں۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر، تین ماہ گزرنے کے باوجود لاکھوں طلبہ درسی کتب سے محروم