سویڈش سفارتخانہ نذر آتش

عراق: قرآن کی بے حرمتی کیخلاف مظاہرہ، سویڈش سفارتخانہ نذر آتش

سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے خلاف پرتشدد احتجاج کے دوران سینکڑوں مظاہرین نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے پر دھاوا بول دیا اور آگ لگا کر سویڈش سفارتخانہ نذر آتش کر دیا۔
ویب ڈیسک: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاج کی کال عراق کے شیعہ عالم مقتدیٰ صدر کے حامیوں کی جانب سے سویڈن میں مسلمانوں کی مقدس کتاب کو جلانے کے ایک اور مبینہ منصوبے کی بنیاد پر دی گئی تھی۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق بغداد میں مظاہرین نے سویڈش سفارتخانے پر دھاوا بول دیا، دیواریں پھلانگ کر سفارت خانے کے اندر پہنچ کر مظاہرین نے توڑ پھوڑ کرنے کے بعد سویڈش سفارتخانہ نذر آتش کر دیا۔
سویڈن کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ حملے میں سفارت خانے کا عملہ محفوظ رہا۔ بیان میں عراقی حکومت سے سفارتخانوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں عیدالاضحیٰ کے روز عراقی نژاد ملعون پناہ گزین نے مسجد کے سامنے قرآن پاک نذر آتش کر دیا تھا جبکہ اسلاموفوبیا کا شکار دیگر افراد نے بھی سویڈن میں مزید قرآن پاک کے نسخے نذرآتش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ:خواتین اور بچوں سمیت 16لاکھ فلسطینی بے گھر ہوگئے