نواب شاہ: ہزارہ ایکسپریس ٹرین کو حادثہ، 25 افراد جانبحق، 80 سےزائد زخمی

نواب شاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں جس کے باعث 25 افراد جاں بحق جبکہ 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ویب ڈیسک: ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کو سرہاری ریلوے سٹیشن کے قریب حادثہ پیش آیا، حادثے میں ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں درجنوں خواتین، مرد اور بچے زخمی ہوئے ہیں، حادثے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ چکی ہیں جبکہ ریلوے حکام اور قریبی علاقوں کے مقامی لوگ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
نواب شاہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، ویران علاقے میں حادثہ پیش آنے کی صورت میں امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔
حادثے کے بعد کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والے دونوں ٹریک بند کر دیے گئے جبکہ کوٹری سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ پر روانہ کی جا چکی ہے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے سے متعلق بتایا کہ یہ تخریب کاری بھی ہوسکتی ہے اور مکینیکل فالٹ بھی ہوسکتا ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، ابھی ابتدائی اطلاعات ہیں، مصدقہ اطلاعات آنا باقی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین مناسب رفتار سے چل رہی تھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، صبح سوچ رہا تھا کہ 3 دن رہ گئے ہیں کوئی حادثہ نہ ہو جائے۔
آرمی چیف کی طرف سے خصوصی ہدایات کے بعد پاک فوج اور رینجرز نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں، آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کیلئے جائے حادثہ پر موجود ہیں، اس اقدام کا مقصد ریسکیو ہیلی کاپٹرز سے جلد از جلد زخمیوں کی قیمتی جانوں کو بچانا ہے۔
پاک فوج اور رینجرز کے حکام جائے حادثہ پر اشیاء خوردونوش بھی لے کر پہنچ رہے ہیں، پاک فوج کے ریسکیو آپریشن کا سلسلہ آخری زخمی کی ہسپتال منتقلی اور جائے حادثہ پر پھنسے افراد کی بحالی تک جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں:  سعودی عرب میں نامناسب لباس کا فیشن شو ،سوشل میڈیاپر تنقید