چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت جمعہ تک ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت جمعہ کے روز تک ملتوی کر دی۔
ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے خواجہ حارث کی ایف آئی اے میں طلبی کا معاملہ اٹھا دیا، اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ میرے علم میں بات آئی ہے، مجھے انتظامی سائیڈ پر اسے دیکھنے دیں، اگر کچھ ہوا تو میں آپ کو درخواست دائر کرنے کا کہوں گا۔
ایڈووکیٹ شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز ہمارے کولیگ کو 9 گھنٹے تک انکوائری کے نام پر بٹھائے رکھا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے گئے لیکن ملنے نہیں دیا گیا۔
وکیل نے کہا کہ ہماری ایک درخواست چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی سے متعلق ہے، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کیس میں شاید ان کی درخواست پر انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔
وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 9/11 کے سیل میں رکھا گیا ہے، ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا کہا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا پہنچانے کی بھی اجازت دی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  بشکیک میں پاکستانی طلبہ بدستور محصور،واپسی یقینی بنانے کی اپیل