پیمرا ترمیمی آرڈیننس 2023

پیمرا ترمیمی آرڈیننس 2023 سینیٹ سے منظور کر لیا گیا

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے سینیٹ میں پیش پیمرا ترمیمی آرڈیننس 2023 منظور کر لیا گیا
ویب ڈیسک: چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پیمرا ترمیمی آرڈیننس 2023 پیش کیا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ ہم بل کی حمایت کرتے ہیں، اسے رد نہیں ہونا چاہیے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کل صحافیوں کا 40 رکنی وفد وزیراعظم سے ملا، جس میں میڈیا مالکان بھی موجود تھے، وفد نے وزیراعظم کو کہا کہ یہ صحافیوں کی فلاح کا بل ہے، اسے منظور کیا جائے، بل کو ترامیم کے بعد واپس قومی اسمبلی جانا ہے لہذا اسے منظور کر لیا جائے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ جتنی بھی صحافیوں کی تنظیمیں ہیں انکو اعتماد میں لینا چاہیے، اب ممبران بھی ایوان سے خفیہ چیزیں رکھ کر قراداد ایوان میں لارہے ہیں، آج بھی کاغذ کا پلندہ ہے اور نہیں معلوم کیا کہاں سے آرہا ہے۔
طاہر بزنجو نے کہا کہ سیاست دانوں کی طرح صحافتی تنظیمیں میں آپس میں تقسیم ہیں۔
بل کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے واک آؤٹ کیا۔ رضا ربانی اور طاہر بزنجو بھی ایوان سے باہر چلے گئے۔
ایوان بالا نے پاکستان الیکٹرک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ترمیمی آرڈننس 2023 متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

مزید پڑھیں:  یوم دفاع : پشاور میں عسکری آلات و ہتھیاروں کی نمائش اور ایئر شو کا انعقاد