نئی حلقہ بندیوں

عام انتخابات تاخیر کا شکار ہو گئے، نئی حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حلقہ بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن نے 4 ماہ کا وقت مختص کر دیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کی حتمی اشاعت کر دی گئی ہے، الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق چاروں صوبوں کی حلقہ بندی کمیٹیاں21 اگست تک قائم کر دی جائیں گی۔
حلقہ بندیوں سے متعلق انتظامی امور 31 اگست تک مکمل کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 5 ستمبر سے 7 ستمبر تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کا حلقہ بندیوں کا کوٹہ مختص کیا جائے گا، 8 ستمبر سے 7 اکتوبر تک حلقہ بندیاں کی جائیں گی، 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک حلقہ بندیوں سے متعلق تجاویز دی جائیں گی۔ اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن 10 نومبر سے 9 دسمبر تک حلقہ بندیوں پر اعتراضات پر فیصلے کرے گا، الیکشن کمیشن 14 دسمبر تک حلقہ بندیاں مکمل کرنے کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر نے حلقہ بندیوں کے معاملے پر اجلاس طلب کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ودیگرشہداء کی نمازجنازہ آج اداکی جائیگی