لطیف کھوسہ لفٹ میں پھنس گئے

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ لفٹ میں پھنس گئے

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ کی لفٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ سمیت 19 افراد 40 منٹ تک پھنسے رہے، جن کو دروازہ توڑ کر نکالا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کیس کی سماعت کے بعد جب واپس روانہ ہوئے تو وہ لفٹ میں پھنس گئے جس کے بعد ہائیکورٹ کی عمارت کے مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی۔ لطیف کھوسہ اور دیگر افراد تقریباً 40 منٹ سے زائد لفٹ میں پھنسے رہے جبکہ مینٹیننس کے عملے نے لفٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی مگر دروازہ نہ کھل سکا جس کے باعث لفٹ کے باہر کھڑے وکلا نے لفٹ کا دروازہ توڑنے کی کوشش کی جس کے بعد لفٹ کے باہر موجود وکلا نے شور شرابا شروع کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی لفٹ میں 15 سے 16 افراد کی گنجائش ہے اور لفٹ میں 19 افراد سوار تھے۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا اور دیگر وکلا بھی لفٹ کا دروازہ توڑنے کی کوشش کرتے رہے۔
انتظامیہ نے لفٹ کا دروازہ کھولنے کے لیے ریسکیو کے عملے کو طلب کیا جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے لفٹ کا دروازہ توڑ کر تمام افراد کو باہر نکالا جس میں تمام افراد کی حالت غیر تھی اور وہ پسینے میں شرابور تھے۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ لفٹ میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کی وجہ سے لفٹ رکی جبکہ لفٹ میں کوئی ایمرجنسی الارم نہیں تھا۔

مزید پڑھیں:  فلوریڈا میں ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے گرفتار ملزم کی تصاویر جاری