شہر شہر احتجاج

بجلی کے بھاری بلوں پر عوام کی برداشت ختم، شہر شہر احتجاج

بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ اور بھاری ٹیکسز کے خلاف ملک بھر میں تاجر برادری سمیت عام عوام شہر شہر احتجاج کر رہے ہیں۔
ویب ڈیسک: ملک کے مختلف شہروں میں مہنگی بجلی کے خلاف تاجر برادری سمیت عام عوام شہر شہر احتجاج کر رہے ہیں، احتجاج میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت، ارباب اختیار سے بجلی سستی کرنے کا مطالبہ، ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے شہریوں کی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
حد سے زیادہ بجلی کے بل آنے پر پشاور کے عوام بھی بلبلا اٹھے، بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف پشاور کے شہریوں نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے بجلی کے بل جلائے اور مہنگی بجلی پر حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
رسالپور میں عوام بجلی کے بھاری کے خلاف سراپا احتجاج عوام نے مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ مکمل طور پر ہر قسم کی ٹرایفک کیلئے بلاک کر دیا، بجلی بلوں کے خلاف تاجران نے تجارتی مراکز اور دکانیں بند کر دیں، مشتعل مظاہرین نے واپڈا پیسکو اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کے بھاری بلوں نے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، حکومت بجلی کے بلوں سے ظالمانہ ٹیکس کٹوتیاں ختم کرے، ریلیف نہ دیا گیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
بجلی کے بلز میں اضافے کے خلاف سخاکوٹ میں احتجاجی مظاہرہ ہوا، سخاکوٹ بازار میں مشتعل مظاہرین نے روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین نے بجلی بلز ادا نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
توقعات سے بڑھ کر بجلی کے بل آنے پر لاہور کے عوام بھی بلبلا اٹھے، لاہور میں بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف شاہدرہ کے رہائشیوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے بجلی کے بل جلائے اور مہنگی بجلی پر حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

مزید پڑھیں:  شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی کوئٹہ دھماکہ کی مذمت