دہشتگردی کیخلاف جنگ، خیبرپختونخوا کو 415 ارب، 50 کروڑ کا فنڈ ملا

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کو دہشتگری کیخلاف جنگ کی مد میں ملنے والے فنڈ اور ان کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ جاری دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کو 2010 سے لے کر اب تک 415 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز ملے جو دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ سڑکوں، پلوں، سکولوں اور پولیس سٹیشنز کی تعمیر نو پر خرچ کیے گئے۔ 90 ارب 80 کروڑ نان سیلری بجٹ اور 15 ارب 92 کروڑ روپے جانی نقصانات کے ازالے کی مد میں دیے گئے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک ارب 70 کروڑ روپے انسداد دہشتگردی کی عدالتوں اور 17 ارب 20 کروڑ روپے سیکورٹی الاؤنسز اور 33 ارب 88 کروڑ روپے سیکورٹی کے منصوبوں پر خرچ ہوئے۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کو دہشتگردی کے خلاف جنگ کی مد میں سالانہ قابل تقسیم محاصل کا ایک فیصد ملتا ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے 415 ارب روپے کے فنڈز کا سپیشل آڈٹ کرانے کا حکم دیا تھا۔ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے فنڈز کا آڈٹ کرانے کیلئے وفاقی حکومت کو خط بھی لکھا تھا۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ، جہانگیرہ میں بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ پر اہالیان علاقہ سراپا احتجاج