ورلڈ کپ، افغان کرکٹرز سے اہم طالبان لیڈر کی ملاقات

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کیلئے بھارت جانے سے قبل افغان کرکٹرز سے اہم طالبان لیڈر انس حقانی نے ملاقات کی اور ایونٹ میں اچھی کارکردگی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 10 روزہ ٹریننگ کے بعد افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت روانہ ہوگئی۔ افغان کرکٹرز کی روانگی سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل نے کھلاڑیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں طالبان کے اہم رہنماء انس حقانی نے بھی شرکت کی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھلاڑیوں سے ملاقات میں طالبان کے اہم رہنماء انس حقانی نے ورلڈکپ میں کامیابی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ گزشتہ دنوں آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے افغانستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔ ورلڈ کپ میں حشمت اللہ شاہدی افغان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، ریاض حسن، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد، فضل الحق فاروقی، عبدالرحمان اور نوین الحق شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  پی آئی اے نجکاری :8کاروباری گروپس کا اظہار دلچسپی