ورلڈ کپ، وارم اپ میچ آسٹریلیا کے نام، پاکستان کو دوسری شکست

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ کے جاری وارم اپ میچز میں پاکستان کو دوسری شکست، پہلے وارم اپ میچ میں کیویز جبکہ دوسرے میچ میں کینگروز کےہاتھوں مات کھانی پڑ گئی۔ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور میکسوئل کے 77 رنز کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔ کیمرون گرین نے نصف سنچری سکور کی۔ اس کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ابتداء میں ڈگمگانے لگی تھی۔ فخر زمان اور امام الحق کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھر دھوکہ دے گئی۔ ابھی قومی ٹیم کا مجموعی سکور 47 رنز تک پہنچا ہی تھا کہ دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نے شاندار 90 رنز کی اننگز کھیلی اور ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے جبکہ افتخار احمد نے 83 رنز جبکہ محمد نواز نے نصف سنچری سکور کی۔ ان کھلاڑیوں کے بعد آنیوالے کینگرو بولرز کے آگے ٹک نہ سکے اور خزاں رسیدہ پتوں کی طرح وکٹیں گنواتے رہے۔
جوابی اننگز کھیلتے ہوئے پاکستانی ٹیم 337 رنز پر ہمت ہار بیٹھی اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ یاد رہے اس میچ میں آسٹریلیا کو پاکستان کیخلاف 14 رنز سے کامیابی ملی۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ بات کرنا چاہتی ہے تو ہم نے کب روکا ہے، رانا ثنا اللہ