ایل آرایچ کابحران شدید،ادویات اورطبی سامان ختم

ویب ڈیسک: لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کامالی بحران مزید سنگین صورتحال اختیارکرگیاہے ہسپتال میں ملازمین کی تنخواہیں دینے میں تاخیر کے بعد مریضوں کیلئے مفت ادویات اور طبی سامان بھی ختم ہوگیا ہے جس کے باعث آپریشن تھیٹرز سمیت مختلف وارڈز میں مریضوں اور ان کے تیمار داروں کوشدید مشکلات کاسامنا کرناپڑ رہا ہے ذرائع نے بتایا کہ مالی بحران کی وجہ سے خریداری کا سلسلہ معطل کیا گیا ہے اور سامان سپلائی کرنے والی کمپنیوں نے بھی لین دین چھوڑ دیا ہے
جس کے نتیجے میں صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال میں موجودہ وقت میں نرسری اور لیبر رومز میں دستانے، کینولہ، جیل ٹیوب اور سرنج بھی مریضوں کیلئے دستیاب نہیں ہیں ہسپتال میں طبی سامان اورمفت ادویات کے ختم ہونے کے بعد سے طبی عملے اور مریضوں کے تیمارداروں کے درمیان مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں جس پر ڈاکٹرز اور طبی عملے نے انتظامیہ کو مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی ہے
اس بارے میںہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق مالی مسائل اور حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہی کے باعث ادویات کی خریداری کا سلسلہ معطل ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے فنڈزجاری کردئیے ہیں جس سے انہیں آج تنخواہیں ریلیز کردی جائیں گی تاہم بجٹ میں ادویات وغیرہ کیلئے مختص پیسے جاری نہیں کئے گئے ہیں جس سے مسائل کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں:  روس نے یوکرین پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے، امریکہ